ریکوڈک سے سونے اور تانبے کے 70 ارب ڈالر کے ذخائر نکالے جا سکتے ہیں، کینیڈین کمپنی کا انکشاف
اسلام آباد: کینیڈا کی مشہور مائننگ کمپنی “بیرک گولڈ” کے سی ای او مارک بیرسٹو نے انکشاف کیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے ریکوڈک میں تقریباً 70 ارب ڈالر مالیت کا سونا اور تانبا موجود ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں مارک بیرسٹو کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہے گی، جن میں سعودی عرب اور امریکا بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بیرک گولڈ نے پاکستان میں سونے اور تانبے کی کان کنی کے لیے ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ کمپنی اس منصوبے میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی
۔اس منصوبے میں بیرک گولڈ کا 50 فیصد حصہ ہوگا، جبکہ باقی 50 فیصد حکومتِ پاکستان اور بلوچستان کے پاس رہے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 2028ء میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد پیداوار کا آغاز ہوگا۔