لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ 9 مئی سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی، جہاں تین کیسز میں ملزمان پر 19 اپریل کو فرد جرم عائد کی جائے گی، جبکہ دیگر 10 کیسز کے چالان تاحال عدالت میں پیش نہیں کیے جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر وکلائے صفائی، پراسیکیوٹر، اور مختلف سیاسی رہنما عدالت میں موجود تھے، جن میں عمر ایوب، بابر اعوان، شیخ رشید، میجر طاہر صادق، واثق قیوم اور صداقت عباسی شامل ہیں۔
پولیس نے عدالت میں مقدمات کا ریکارڈ اور چالان پیش کیے، تاہم 10 کیسز کے چالان اب تک جمع نہ کروائے جا سکے۔ اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک ان کیسز کے چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جن مقدمات میں چالان جمع نہیں ہو سکے ان میں جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4 پر حملہ، آرمی میوزیم پر حملہ، اور صدر میں حساس عمارت کو جلانے جیسے سنگین نوعیت کے کیسز شامل ہیں۔ عدالت نے ان مقدمات پر سماعت بھی 19 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔