ایران میں آٹھ پاکستانیوں کا قتل: وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس اور انصاف کا مطالبہ

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے علاقے مہرستان میں آٹھ پاکستانی شہریوں کے بہیمانہ قتل پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب سے تھا اور وہ موٹر مکینک کے طور پر ایران میں کام کر رہے تھے۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی پورے خطے کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، اور اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں سے فوری رابطہ کیا جائے اور ایران میں موجود پاکستانی سفارتخانے کو مقتولین کی میتوں کی وطن واپسی کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ حکومت پاکستان ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ اس واقعے کی مکمل تفصیلات حاصل کی جا سکیں اور متاثرین کو انصاف دلایا جا سکے۔

Leave a Reply