لندن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، برطانوی عدالت نے معروف پاکستانی یوٹیوبر عادل راجا کو ہتکِ عزت کے ایک مقدمے میں اضافی 6,100 پاؤنڈ جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ رقم انہیں 14 دن کے اندر ادا کرنی ہوگی۔
اس مقدمے میں مدعی بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر عدالت میں پیش ہوئے، جنہوں نے اگست 2022 میں عادل راجا کے خلاف لندن کی عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ اس مقدمے میں پہلے ہی عادل راجا پر 10,000 پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے، جب کہ عدالتی اخراجات اور دیگر مدات میں مزید جرمانے کے بعد یہ رقم اب مجموعی طور پر 29,100 پاؤنڈ تک جا پہنچی ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق، عادل راجا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول ایکس (سابقہ ٹوئٹر)، فیس بک اور یوٹیوب پر متعدد بار بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر کے خلاف توہین آمیز مواد شائع کیا، جو ہتک عزت کے زمرے میں آتا ہے۔ مقدمے کی اگلی سماعت جون میں متوقع ہے۔