لاہور: سوشل میڈیا پر متنازع ویڈیوز پوسٹ کرنے والے معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، گرفتاری لاہور کے مضافات سے عمل میں لائی گئی اور کاشف ضمیر کو لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، کاشف ضمیر پر الزام ہے کہ اس نے ایک تقریب میں پولیس اہلکار کے ساتھ ایسی ویڈیوز اور تصاویر بنائیں جن میں پولیس وردی کا مذاق اُڑایا گیا۔ ان ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ پولیس اہلکار کو نوٹوں سے بھرا تھال پیش کیا گیا، جسے سوشل میڈیا پر شیئر کر کے قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ عمل نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچاتا ہے۔
کاشف ضمیر کے خلاف تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں پیکا ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔مزید یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزم نے ویڈیو میں تبدیلی کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کا استعمال کیا تاکہ وردی کے رنگ کو بدلا جا سکے اور حقیقت کو چھپایا جا سکے۔ تاہم، پولیس نے دونوں افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اہلکار کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق، مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔