اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے خوبصورت قدرتی مناظر، سرسبز ماحول اور بہترین رہائشی سہولیات کی وجہ سے بھی ایک پسندیدہ شہر سمجھا جاتا ہے۔ اس شہر کا خوشگوار موسم بھی اسے دیگر شہروں سے ممتاز کرتا ہے۔
عام طور پر اپریل کا مہینہ اسلام آباد میں بہار کے دلکش رنگوں اور معتدل موسم کے لیے جانا جاتا تھا، لیکن اس سال شہر کے باسی شدید گرمی سے دوچار ہیں۔
رواں برس اسلام آباد کا درجہ حرارت معمول سے تقریباً 10 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئندہ چند دنوں میں بھی یہاں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر حصے، خاص طور پر جنوبی پنجاب اور سندھ کے زیریں علاقے، پہلے ہی مارچ کے وسط سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے۔
اسلام آباد میں گزشتہ چند برسوں سے بارشوں کی کمی نے موسم کے معمولات کو متاثر کیا ہے، اور اب یہاں گرمی وقت سے پہلے ہی شدت اختیار کر چکی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ملک کے زیادہ تر علاقوں میں خشک ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم ایک مغربی ہوائی لہر پیر کی رات بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ اس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بادل چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں بدلتے موسمی رجحانات
چند سال قبل تک، اسلام آباد میں اس موسم میں بارشیں عام تھیں، جو درجہ حرارت کو معتدل رکھتی تھیں۔ نیم گرم دن اور خنک شامیں اس شہر کی پہچان ہوا کرتی تھیں۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ظہیر بابر کے مطابق، ماضی میں مارچ اور اپریل کا مہینہ ایک عبوری دور ہوتا تھا، جہاں سردی ختم ہو کر ہلکی گرمی کی آمد ہوتی تھی۔ تاہم، اب موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گرمی وقت سے پہلے شروع ہو رہی ہے۔
ان کے مطابق، گزشتہ 30 سالوں میں اپریل کے دوران اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اوسطاً 30 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 15 ڈگری سینٹی گری