راجستھان کے شہر کوٹا کے میڈیکل کالج ہسپتال میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں حادثے میں زخمی ہونے والے ایک شخص کے بجائے اس کے مفلوج والد کی سرجری کر دی گئی۔ متاثرہ شخص منیش، جو ایک حادثے کے بعد علاج کے لیے ہسپتال لایا گیا تھا، کا کہنا ہے کہ اس کی سرجری ہفتے کے دن طے تھی۔منیش نے بتایا کہ چونکہ اس کے ساتھ کوئی تیماردار موجود نہیں تھا،
اس لیے اس نے اپنے معذور والد کو ساتھ بلایا تاکہ وہ سرجری کے دوران ہسپتال میں اس کے قریب رہ سکیں۔ منیش کے مطابق، وہ خود آپریشن کے لیے اندر گیا تھا جبکہ اس کا والد باہر انتظار کر رہا تھا،
لیکن بعد میں انکشاف ہوا کہ آپریشن والد پر کر دیا گیا۔منیش نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب اس کے والد کے جسم پر 5 سے 6 ٹانکے موجود ہیں جبکہ وہ خود بدستور طبی دیکھ بھال کا منتظر ہے۔
اس نے مزید کہا کہ اسے یہ بھی علم نہیں کہ اس کا علاج کس ڈاکٹر نے کیا کیونکہ وہ خود بھی شدید حالت میں تھا۔واقعے کے بعد کوٹا میڈیکل کالج کی پرنسپل، ڈاکٹر سنگیتا سکسینہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک تحقیقاتی کمیٹی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2 سے 3 دن کے اندر اندر مکمل رپورٹ پیش کی جائے گی تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔